عراقی فوج کا مظاہرین کیخلاف غیر ضروری طاقت کا استعمال، ہلاکتیں 110 ہوگئیں

admin

عراق میں حکومت مخالف مظاہروں میں مزید شدت آگئی، دارالحکومت بغداد میں مظاہرین اور سیکیورٹی فورسز کی جھڑپ میں مزید 13 افراد ہلاک ہوگئے۔

یکم اکتوبر سے شروع ہونے والے مظاہروں میں سیکیورٹی فورسز کی جانب سے طاقت کے وحشیانہ استعمال کے بعد سے شدت آتی جارہی ہے اور ایک ہفتےکے دوران ہلاکتوں کی تعداد 110 سے تک جاپہنچی ہے۔

پرتشدد مظاہروں کے دوران زخمی ہونے والے افراد کی تعداد 6 ہزار سے زائد بتائی جاتی ہے جن میں سیکیورٹی فورسز کے اہلکار بھی شامل ہیں، جب کہ سیکڑوں کی تعداد میں مظاہرین کو گرفتار کیا گیا ہے۔

عراق میں معاشی بدحالی، بدعنوانی اور حکومتی پالیسیوں کے خلاف گذشتہ ایک ہفتے سے مظاہرے کیے جارہے ہیں ۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق عراق کے مختلف شہروں میں ہونے والے مظاہروں میں شریک افراد کی اکثریت نوجوانوں کی ہے جو بے روزگاری، بدعنوانی اور پانی اور بجلی جیسی بنیادی سہولیات کی عدم فراہمی کے خلاف احتجاج کررہے ہیں۔

عراق میں مظاہروں کے بعد مختلف شہروں میں فوج بھی تعینات کی گئی ہے جبکہ ناصریہ شہر فوج کے کنٹرول میں ہے، حکومت کی جانب سے احتجاج پر قابو پانے کیلئے مختلف شہروں میں کرفیو کا بھی نفاذ کیا گیا ہے۔

فوج کی جانب سے مظاہرین پر طاقت کے بے جا استعمال کا اعتراف

عراقی فوج نے احتجاج کے دوران مظاہرین پر غیر ضروری طاقت کے استعمال کا اعتراف کیا ہے۔

عراقی فوج کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ پرتشدد مظاہروں کے دوران بغداد سمیت مختلف شہروں میں فوجی اہلکاروں کی جانب سے طاقت کا غیر ضروری استعمال کیا گیا ، ان واقعات میں جو بھی افسر یا اہلکار ذمہ دار ہوگا اس کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ عراقی وزیراعظم کے حکم پر متاثرہ علاقوں سے فوج بلالی گئی ہے اور اب وہاں پولیس تعینات ہے جب کہ تحقیقاتی اداروں کو بھی اس حوالے سے تفتیش کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ گذشتہ روز ملک گیر احتجاج میں کمی نہ آنے کے بعد عراقی کابینہ نے فوری طور پر درجن سے زائد اصلاحات کا اعلان کیا تھا۔

عراقی کابینہ کی جانب سے زمینوں کی تقیسم، ضرورت مندوں کے وظائف میں اضافہ اور بے روزگار نوجوانوں کیلئے خصوصی اعلانات کیے گئے تھے۔

اس سے قبل عراقی وزیراعظم عادل عبدالمہدی کا ٹی وی پر خطاب میں کہنا تھا کہ وہ عوام کی مایوسی کو سمجھتے ہیں لیکن ان کے پاس ان مسائل کے حل کیلئے کوئی ’جادو‘ نہیں ہے، اصلاحات کے ذریعے عوامی مسائل حل کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔

یاد رہے کہ عراقی وزیراعظم عادل عبدالمہدی نے گزشتہ سال ہی اقتدار سنبھالا ہے، اس سے قبل وہ نائب صدر، وزیرتیل اور وزیرخزانہ رہے ہیں۔

اُدھر عراق کی صورتحال خراب ہونے کے بعد بحرین نے اپنے شہریوں کو فوری عراق چھوڑنے کا حکم دیا ہے جبکہ کویت نے بھی ٹریول ایڈوائزری جاری کی ہے جس میں شہریوں کو عراق کے سفر میں محتاط رہنے کا کہا گیا ہے۔

مزید خبریں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Next Post

اللّٰہ سے تعلق کی وجہ سے زندگی میں مثبت تبدیلیاں آئیں: اداکارہ یشمہ گِل

FacebookTwitter پاکستان انڈسٹری کی نئی ابھرتی ہوئی اداکارہ یشمہ گِل کا کہنا ہے کہ زندگی میں  اچانک جو کچھ اچھی چیزیں ہوئیں وہ صرف اللّٰہ تعالیٰ سے تعلق کی وجہ سے ہوئیں۔ شوبز کی دنیا میں چند سال پہلے قدم رکھنے والی اداکارہ یشمہ گِل نے حال ہی میں ثمینہ پیرزادہ […]